سڈنی (نیوزڈیسک ) ترقی یافتہ ممالک میں تھانے یا ان کے شہروں کی پولیس مطلوب مجرموں کی گرفتاری کے لیے فیس بک کا کھل کر استعمال کرتی ہیں، اپنے فیس بک پیج کے ذریعے مطلوب مجرموں کی باقاعدہ پوسٹ شیئر کی جاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک پوسٹ آسٹریلیا کی وکٹوریہ پولیس کی جانب سے شیئر کی گئی۔ڈینیئل ڈمین کے ٹریفک اور منشیات کے حوالے سے گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے تو پولیس نے فیس بک پر اس کے لیے مطلوب ہے کی پوسٹ لگا دی۔ پولیس کا خیال تھا کہ جلد ہی عوام میں سے کوئی ڈینیئل کی لوکیشن کے بارے میں اطلاع فراہم کرے گا مگر حیرت انگیز طور پر ڈینیئل نے ہی اس پوسٹ پر کمنٹ کر دیا۔ ڈینیئل نے ڈینی نام کے اکانٹ سے لکھا کہ کیا تم اس سے بہتر فوٹو استعمال نہیں کر سکتے، یہ فوٹو کافی خوفناک ہے۔ ڈیوٹی پر موجود افسر بھی اچھی حس مزاح رکھتا تھا۔ اس نے جوابی کمنٹ میں جواب دیا کہ ارے ڈینیئل، اپنے قریبی پولیس اسٹیشن جا، ہم تمہارے اچھے سے فوٹو کا بندوبست کر لیں گے۔ اس پر ڈینیئل نے اچھے بچوں کی طرح جواب دیا کہ میں اپنے وکیل کا بندوبست کر رہا ہوں، جب سب انتظام ہو جائے گا تو میں پولیس اسٹیشن آ جاں گا۔ لگتا ہے ابھی تک ڈینیئل اپنے انتظامات مکمل نہیں کر پایا،کیونکہ آخری خبریں آنے تک وہ پولیس اسٹیشن میں حاضر نہیں ہوا تھا۔