اسلام آباد(نیوزڈیسک )آئرلینڈ کی ایئرلائن رائن ایئر کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کی بکنگ تو بہت سستی ہے لیکن اگر بکنگ میں کوئی تبدیلی کروانا پڑجائے تو بھاری اخراجات کرنا پڑ جاتے ہیں۔ 19 سالہ نوجوان ایڈم آرمسٹرونگ کے ساتھ بھی ایئرلائن نے بھاری رقم ہتھیانے کا حربہ استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن ایڈم نے اس کوشش کو ناکام بنانے کے لئے اپنا نام ہی تبدیل کر لیا۔ایڈم کے سوتیلے والد نے غلطی سے اس کے فیس بک پر دئیے گئے نام ایڈم ویسٹ کے نام سے بکنگ کروادی۔ جب اس نے نام درست کروانے کے لئے ایئرلائن سے رابطہ کیا تو اسے بتایا گیا کہ اس کی فیس 337ڈالر (تقریباً 33700 پاکستانی روپے) ہوگی۔ ایڈم نے ایئرلائن کی بکنگ میں نام تبدیل کروانے کی بجائے سرکاری دفتر سے رابطہ کیا اور بغیر کوئی فیس ادا کروائے اپنا نام ایڈم آرمسٹرونگ سے بدل کر ایڈم ویسٹ کرلیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹی وی پر بیٹمین کا کردار ادا کرنے والے فنکار کے نام سے متاثر ہوکر فیس بک پر اپنا نام ایڈم ویسٹ رکھا تھا لیکن رائن ایئر نے انہیں مستقل طور پر یہ نام اختیار کرنے کا موقع فراہم کردیا۔