برمنگھم(نیوز ڈیسک ) انڈے میں سے سفیدی اور زردی برآمد ہونا یا چوزہ برآمد ہونا تو عام بات ہے لیکن انڈے میں سے انڈہ برآمد ہونا ناقابل یقین بات ہے۔
اگرآپ بھی سمجھتے ہیں کہ یہ ناممکن ہے تو یوٹیوب پر حال ہی میں اپ لوڈ کی جانیوالی وڈیو میں یہ انہونی ہو گئی ہے۔ وڈیو اپ لوڈ کرنیوالے ایل مین نے وڈیو میں بتایا ہے کہ ان کی مرغی نے معمول سے دوگنے سائز کا انڈہ دیا جسے انھوں نے کیمرے کے سامنے توڑا تو اس میں سے نارمل سائز کا ایک اورانڈہ نکل آیا۔ویٹرنری سائنسدانوں نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرغی کی بائیں بیضہ دانی سے ہر 18 سے 26 گھنٹے بعد ایک اواوسائٹ خارج ہوتا ہے۔
بعض اوقات پہلا انڈہ مکمل بننے سے پہلے ہی ایک اور اواوسائٹ خارج ہو جاتا ہے اور اس صورت میں دونوں مل جاتے ہیں اور ایک انڈے کے اندر دوسرا انڈہ بن جاتا ہے۔ سائنسی زبان میں اس عمل کو پیریسٹالسس کاؤنٹر کہا جاتا ہے۔