بیجنگ (نیوز ڈیسک) اگر یہ کہا جائے کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ اور خصوصاً سوشل میڈیا نوجوانوں کیلئے خطرناک نشے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے تو بے جا نہ ہو گا۔ یہ نشہ کس قدر خطرناک ہے اس کا اندازہ ایک چینی نوجوان کے عبرتناک انجام سے کیا جا سکتا ہے۔ اخبار ”پیپلز ڈیلی“ کے مطابق شنگھائی شہر کی پولیس کا کہنا ہے کہ سونگ جیانگ کے علاقے میں 24 سالہ نوجوان ایک نیٹ کیفے میں انٹرنیٹ مسلسل استعمال کر رہا تھا کہ اس کی طبیعت بگڑ گئی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔
نیٹ کیفے کی سی سی ٹی وی ویڈیو اور عینی شاہدین کے بیانات سے معلوم ہوا کہ نوجوان تقریباً 20 گھنٹے سے مسلسل انٹرنیٹ استعمال کر رہا تھا جس کے بعد اس کی طبیعت بگڑ گئی اور یہ خون تھوکنے لگا۔ اس کے ساتھیوں نے اسے سہارا دے کر آرام دہ پوزیشن میں لٹانے کی کوشش کی مگر اسی دوران یہ بے ہوش ہو گیا اور مزید کچھ دیر بعد موت کے منہ میں چلا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی دوسرے شخص کے موت میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے جبکہ ہلاکت کی اصل وجوہات اور تفصیلات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔