اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ آنتوں میں عام طور پر پائے جانے والا ایک بیکٹیریا کس طریقے سے بڑی آنت کے کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
امریکی ریاست میری لینڈ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے محققین نے اس حوالے سے طویل عرصے سے موجود طبی سوال کا جواب تلاش کرلیا ہے۔یہ تحقیق جانز ہاپکنز کیمل کینسر سینٹر، بلومبرگ کیمل انسٹی ٹیوٹ فار کینسر امیونو تھراپی اور یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ اس کے نتائج سائنسی جریدے نیچر میں شائع کیے گئے ہیں۔تحقیق میں کلاؤڈن فور (Claudin-4) نامی پروٹین کی نشاندہی کی گئی ہے، جو بی ایف ٹی (BFT) نامی بیکٹیریا کے لیے آنتوں کے خلیات سے جڑنے کا اہم ذریعہ بنتا ہے۔ محققین کے مطابق یہ بیکٹیریا ایک زہریلا مادہ خارج کرتا ہے جو بڑی آنت کی حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ سوزش پیدا کرتا ہے، جس سے ٹیومر بننے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
تقریباً دو دہائیوں پر محیط تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے سی آر آئی ایس پی آر جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے معلوم کیا کہ بیکٹیریا کا زہر سب سے پہلے آنتوں کے خلیات پر موجود کلاؤڈن فور پروٹین کے ساتھ منسلک ہوتا ہے۔ یہی پروٹین زہریلے مادے کو خلیات تک پہنچنے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔اس دریافت کی مدد سے محققین نے ایک ایسا حفاظتی مالیکیول بھی تیار کیا ہے جو زہریلے مادے کو خلیات تک پہنچنے سے پہلے اپنی جانب جذب کرکے غیر مؤثر بنا دیتا ہے۔ جانوروں پر کیے گئے تجربات میں اس طریقہ کار کے ذریعے انہیں بیکٹیریا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت بڑی آنت کے کینسر کی روک تھام، ابتدائی تشخیص اور علاج کے نئے طریقے وضع کرنے کے حوالے سے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ اس تحقیق سے مستقبل میں ایسی ادویات کی تیاری کی راہ بھی ہموار ہونے کی توقع ہے جو بیکٹیریا کے زہریلے اثرات کو ہدف بنا کر کینسر کے خطرے کو کم کرسکیں۔



















































