نیویارک (این این آئی)امریکی سائنسدان نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ڈیزز کنٹرول کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا میں زکام کے سیزن کے آغاز کی وجہ سے کورونا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک اور تباہ کن ہوسکتی ہے۔انہوں نے امریکی شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ آئندہ آنے والے مہینوں کو تیاری کیلئے استعمال کریں اور زکام کے لیے ویکسی نیشن کرائیں۔
انہوں نے کہاکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ آئندہ موسم سرما میں وائرس امریکیوں پر پھر حملہ کرے اور یہ موجودہ وائرس سے زیادہ خطرناک اور مشکل ہوگا۔سائنسدان نے کہا کہ امریکی عوام ایک ہی وقت میں کورونا کی عالمگیر وبا اور اور زکام کی وبا سے دوچار ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ امریکا میں وائرس زکام کے عام سیزن میں آیا جو خود نظام صحت پر دباؤ ڈال سکتا ہے اور اگر ایک ساتھ دو وبائیں اپنی بلند سطح پر ہوں تو یہ صحت کے نظام کے لیے انتہائی خراب ہوتا ہے اس لیے آئندہ زکام کے سیزن کے لیے پہلے سے ویکسی نیشن کرائیں۔