لاہور(این این آئی )ملک بھرمیں انسداد پولیو کی تین روزہ مہم شروع ہوگئی جس میں پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً 3 کروڑ90لاکھ بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم میں 2لاکھ 60ہزارپولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائیں گے۔
پولیو کے خاتمے کے بارے میں وزیراعظم کے فوکل پرسن بابربن عطا ء نے ایک بیان میں کہاہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے موجودہ موسم موزوں ہیں۔ ایک ٹویٹ پیغام میں وزیرصحت عامرمحمودکیانی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکر زسے تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ ملک سے پولیو کا خاتمہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔پولیو کے خاتمے کے لئے قومی ہنگامی اقدامات کے مرکز کے رابطہ کارڈاکٹرراناصفدرنے کہاہے کہ ایک موثرپالیسی پرعملدآمدکیاجارہاہے اورملک کواس مہلک وائرس سے نجات دلانے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔خیبر پختوانخواہ میں مہم کے دورا ن پانچ سال تک کی عمر کے 67لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 31 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ ٹیمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، افغان پناہ گزینوں کے کیمپوں اور دوسرے عوامی مقامات پر بھی موجود ہوں گے۔ ترجمان نے کہاکہ پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔بلوچستان میں پانچ سال تک کی عمر کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے تقریباً9 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔