اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں ایک سال کے دوران ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں میں 30 ہزار کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تیس فیصد افراد ایچ آئی وی کا شکار ہیں اس کے علاوہ پاکستان
ایڈز کنٹرول کے مطابق ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد میں واقع قومی ادارہ برائے صحت کے زیر انتظام ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ایچ آئی وی اور ایڈز کے حوالے سے آگاہی کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے کہا کہ 2017 کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ 33 ہزار 5 سو 29 افراد ایچ آئی وی کے مریض ہیں، انھوں نے کہا کہ ایچ آئی وی اور ایڈز دو مختلف بیماریاں ہیں ایچ آئی وی کی بر وقت تشخیص اور علاج سے ایڈز جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر اسائی ارداکانی نے کہا کہ آج ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایڈز جیسے موذی مرض سے لڑ رہے ہیں اور ایک دن ہم اس کے خلاف کامیاب ہو جائیں گے، ڈاکٹر اسائی ارداکانی نے مزید کہا کہ بیماری کے خلاف لڑنا تمام انسانوں کا حق ہے جسے سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔