آسٹن اگر آپ اپنے موبائل فون کا با ر بار جائزہ لیتے ہیں اور وقت کا بڑا حصہ اس پر خرچ کرتے ہیں تو آپ جذباتی طورعدم استحکام اور اداسی کا شکار ہیں۔ امریکی یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق موبائل فون کا زیادہ استعمال ایک لت کی طرح ہےاور جو افراد موبائل فون کا زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ افسردہ اور جذباتی مزاج کے حامل ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان اوسطاً دن میں 95 منٹ میسج کرنے،49 منٹ ای میل اور 39 منٹ موبائل پر فیس بک چیک کرنے میں گزارتے ہیں جبکہ کچھ نوجوان دن میں 10 گھنٹے تک بھی موبائل فون پر ضائع کردیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق موبائل فون کا مستقل استعمال جذباتی عدم استحکام کی نشانی ہے اورایسےافراد خود کو مصروف رکھ کر اپنےموڈ کوخوشگوار بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ عام طور پر شرمیلےافراد اپنے جذبات کے اظہار کے لئے موبائل فون کا سہارا لیتے ہیں، موبائل فون پر پیغامات پڑھنا،ای میل بھیجنا ،ٹوئٹ کرنا وغیرہ خود کودن بھر کی پریشانیوں سے دور کرنے کا بہانہ ہوسکتا ہے۔ لیکن یاد رکھیں کہ یہ مصروفیت آپ کے لئے تودلچسپ ہوسکتی ہے تاہم اس کے نتیجے میں آپ کے دوستوں اور قریبی افراد سے تعلقات میں دراڑیں بھی پڑ سکتی ہیں۔