خیرپور۔۔۔۔خیرپور میں ٹھیڑی بائی پاس کے قریب بدقسمت مسافر بس ٹرک سے ٹکرا گئی ، خوفناک حادثے میں ستاون افراد کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا ، درجنوں زخمی ہوگئے ، سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔سوات سے کراچی جانے والی مسافر بس میں سوار خواتین ، بچے اور بوڑھے اپنی منزل کی جانب جا رہے تھے کہ علی الصبح خیرپور کے علاقے ٹھیڑی بائی پاس کے قریب بدقسمت بس ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ انتہائی خوفناک حادثے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ المناک حادثے میں خواتین ، بچوں اور بوڑھوں سمیت درجنوں افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔ بس کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا ، انہیں سول ہسپتال خیرپور اور سکھر منتقل کیا گیا۔ خیرپور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کے ورثاء کے مرجھائے ہوئے چہروں نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں بس میں آگ لگنے کے باعث ہوئیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے متعدد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ، پولیس ذرائع کے مطابق بس کو حادثہ اووٹیک کرتے ہوئے پیش آیا۔