اسلام آباد۔۔۔۔ایڈیشنل سیشن عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 6 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ملک عبدالحق ایڈووکیٹ جبکہ پرویز مشرف کی جانب سے اختر شاہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران اختر شاہ ایڈووکیٹ نے اپنے موکل کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ڈاکٹروں نے پرویز مشرف کو 4 ہفتوں تک سفر کرنے سے منع کیا ہے اس لئے عدالت ان کے موکل کو حاضری سے استثنیٰ دے۔ درخواست گزار کی جانب سے ملک عبدالحق ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کے وکیل کی درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہونے کے لئے مسلسل بہانے گھڑ رہے ہیں اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے۔فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 6 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ اگر پرویز مشرف نے سیکیورٹی کے لئے کوئی درخواست دی ہے تو وہ جواب داخل کریں۔