اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان اقرار الحسن نے پہلی مرتبہ یہ بات واضح کی ہے کہ ان کی تیسری اور کم عمر اہلیہ، صحافی عروسہ خان، سے شادی سے قبل تقریباً آٹھ سال تک قریبی دوستانہ تعلق رہا۔حالیہ دنوں میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی، تینوں شادیاں، اور بیویوں کی عادات پر کھل کر گفتگو کی۔ اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی تینوں بیویوں میں بے شمار مثبت خوبیاں موجود ہیں، لیکن کچھ عادتیں ایسی بھی ہیں جو انہیں زیادہ پسند نہیں آتیں۔فرح اقرار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ فطرتاً خاموش مزاج ہیں اور اگر کسی بات پر ناراض ہو جائیں تو کئی دن تک بات نہیں کرتیں، جو ان کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ عروسہ خان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ نہایت خوش مزاج اور زندگی سے بھرپور شخصیت کی مالک ہیں، مگر سادگی اس حد تک ہے کہ انہیں ایئر کنڈیشنر کا ریموٹ استعمال کرنا بھی نہیں آتا۔
اس کے باوجود وہ انتہائی سمجھدار ہیں اور بڑے سے بڑا مسئلہ بھی آسانی سے حل کر لیتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا بیٹا پہلاج اس وقت عروسہ خان کے ساتھ زیادہ وقت گزارتا ہے۔ اقرار الحسن نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ شادی کے بعد انہوں نے عروسہ کو وقت نہیں دیا، اور کہا کہ میڈیا میں ایک ساتھ کام کرنے کی وجہ سے وہ پہلے ہی ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے تھے۔واضح رہے کہ اقرار الحسن نے پہلی شادی قرت العین سے کی، جن سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے نیوز کاسٹر فرح سے دوسری اور صحافی عروسہ خان سے تیسری شادی کی۔ ان کی دوسری اور تیسری شادی کچھ عرصے تک عوام سے مخفی رکھی گئیں۔ مئی 2024 کے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ اگرچہ ان کی تینوں بیویاں ایک ہی گھر میں نہیں رہتیں، مگر آپس میں خوشگوار تعلقات رکھتی ہیں۔