اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان کی ممتاز فنکارہ صبا قمر کو شوٹنگ کے دوران طبیعت ناساز ہونے پر ہنگامی طور پر قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال راولپنڈی لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر انہیں آئی سی یو میں داخل کر دیا۔ذرائع کے مطابق، صبا قمر ایک بڑے پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اچانک انہیں طبیعت میں شدید خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد فلمی ٹیم نے فوری طور پر کام روک کر انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا۔ڈاکٹروں کے مطابق اداکارہ کی حالت نازک ہو گئی تھی اور فوری طبی امداد نہ ملتی تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
تاہم، بروقت کوششوں اور کامیاب اینجیوگرافی کے بعد ان کی جان بچا لی گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی طور پر آئی سی یو میں رکھنے کے بعد طبیعت میں بہتری آنے پر انہیں وی آئی پی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ اب ان کی حالت تسلی بخش ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صبا قمر کو مسلسل کام اور ذہنی دباؤ کی وجہ سے تھکن کا سامنا تھا، جس کے باعث ان کی طبیعت بگڑی۔ مداحوں کی جانب سے اداکارہ کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ سوشل میڈیا پر جاری ہے۔یاد رہے کہ صبا قمر پاکستان کی ان گنی چنی اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے ٹی وی اور فلم دونوں میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔