اسلام آباد (نیوزڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکار ارجن کپور نے اپنی فٹنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کس طرح 50 کلوگرام وزن کم کیا اور خود کو ایک نئی شکل میں ڈھالا۔ایک حالیہ انٹرویو کے دوران ارجن نے بتایا کہ شوبز میں آنے سے قبل ان کا وزن 140 کلوگرام سے بھی زیادہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری میں وہ شدید موٹاپے کا شکار تھے اور اس وقت وہ یہی سمجھتے تھے کہ صرف چہل قدمی ہی کافی ورزش ہے۔اداکار کے مطابق وزن میں کمی لانے کا سب سے کارگر طریقہ روزمرہ زندگی میں خود کو جسمانی طور پر متحرک رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کھانے کے بعد انسان مسلسل بیٹھا رہے تو پھر وزن بڑھنے کی شکایت بے معنی ہو جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ سے کھانے کے شوقین رہے ہیں، لیکن وزن کم کرنے کے عمل میں انہوں نے جنک فوڈ، میٹھے اور نشاستہ دار اشیاء سے مکمل طور پر اجتناب برتا۔ یہی پرہیز ان کے وزن میں نمایاں کمی کا سبب بنا۔ارجن کپور نے اپنی جسمانی صحت سے جڑے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں تھائیرائیڈ گلینڈ سے متعلق بیماری کا سامنا رہا ہے، جو ان کی والدہ اور بہن کو بھی متاثر کر چکی تھی۔ اسی بیماری کے باعث ان کا وزن تیزی سے بڑھا تھا۔