کراچی (این این آئی)حمزہ علی عباسی اور سجل علی کے ڈرامے ’’الف‘‘ کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے تھا، جس کی پہلی قسط آخر کار ریلیز کردی گئی۔اس ڈرامے میں سجل علی نے ایک ایسی لڑکی کا کردار نبھایا جو اداکارہ بننے کی خواہش مند ہے، دوسری جانب حمزہ علی عباسی قلب مومن نامی ایک مغرور ہدایت کار بنے ہیں جو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک کامیاب کیریئر گزار رہے ہیں۔قسط میں دونوں مرکزی اداکاروں کے ایک ساتھ آنے والے سینز کو بے حد سراہا جارہا ہے جبکہ سوشل میڈیا
پر اس قسط کے حوالے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ڈراما ان کی امیدوں پر پورا اتر رہا ہے۔حمزہ علی عباسی کے مداح انہیں تین سال بعد اسکرین پر دیکھ کر بے حد خوش ہیں۔خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی کا آخری ڈراما’’من مائل‘‘ 2016 میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد اب وہ الف کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوئے ہیں۔دوسری جانب سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سجل علی اور حمزہ علی کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔ڈرامے میں ان دونوں کی پہلی ملاقات کے سین کو خوب پذیرائی ملی۔