کراچی (این این آئی)حمزہ علی عباسی اور سجل علی کے جلد ریلیز ہونے والے ڈرامے ’’الف‘‘ کا مکمل ٹریلر اور او ایس ٹی بھی ریلیز کردیا گیا۔’’الف‘‘ کے ٹریلر میں ڈرامے کی مکمل کاسٹ کو پیش کیا گیا جس میں حمزہ علی عباسی اور سجل علی کے ساتھ احسن خان، کبریٰ خان، عثمان خالد بٹ، سلیم معراج اور سرمد صہبائی شامل ہیں۔’’الف‘‘ میں حمزہ علی عباسی ’’قلب مومن‘‘ نامی مغرور اور بے باک فلم ساز کا کردار نبھارہے ہیں جبکہ سجل علی ’’مومنہ سلطانہ‘‘
نامی ایک ایسی لڑکی کے روپ میں نظر آئیں جو اداکارہ بننے کی خواہشمند ہیں۔دوسری جانب احسن خان رومی سے متاثر کردار ادا کررہے ہیں جبکہ کبریٰ خان ایک ڈانسر بنی ہیں۔اس ڈرامے کا او ایس ٹی (اوریجنل ساؤنڈ ٹریک) شجاع حیدر اور مومنہ مستحسن نے گایا جبکہ اسکی کمپوزیشن خود شجاع حیدر نے دی ہیں۔یاد رہے کہ’’الف‘‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی جبکہ اس کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں۔ڈرامے کی پہلی قسط (آج)5 اکتوبر کو رات 8 بجے نشر ہوگی۔