ہانگ کانگ(این این آئی) اکثر فیشن ماڈل 20 سے 30 سال کے دوران اپنے کیریئر کا آغاز کرتی ہیں لیکن 96 سالہ ایلس پینگ نے ماڈلنگ اس وقت شروع کی جب وہ 93 سال کی عمر کو پہنچ چکی تھی۔ایلِس ہانگ کانگ میں رہتی ہیں اور وہ خوش پوشاک کے علاوہ ہمیشہ اپنا خیال بھی رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس 96 برس کی عمر میں بھی وہ بہت باوقار نظر آتی ہیں۔ایلِس کی پوتی نے ایک آن لائن اشتہار دیکھا جس میں 65 سال کے سینیئر ماڈل درکار تھے اور وہاں انہوں نے اپنی دادی کی تصاویر بھیج دیں ۔ اس کے بعد فیشن ایجنسی نے ایلس کو تصاویر لینے کے
لیے بلایا۔ اس پر ایلس نے ماڈلنگ نہ جاننے کے باوجود بہترین صلاحیت دکھائی۔ ناقدین نے سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں فطری طور پر ماڈلنگ کے خواص موجود ہیں۔ اس طرح انہیں کام ملتا رہا اور اب انہیں ایشیا کی بہترین عمررسیدہ ماڈل کا خطاب دیا گیا ہے۔جب ایلس نے ماڈلنگ شروع کی تو نوجوان ماڈل نے ان کی بہت پذیرائی اور مدد کی اور انہیں بزرگی کا احساس نہیں ہونے دیا۔ 1923 میں پیدا ہونے والی ایلس نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ ماڈل بنیں گی۔ اب ول میک اپ مصنوعات، لباس اور دیگر اشیا کے اشتہاروں میں ماڈلنگ کرچکی ہیں۔ یہاں تک کے دنیا کے مشہور ترین برانڈز نے بھی ان سے رابطہ کیا ہے۔