کراچی(این این آئی) اداکار و گلوکار جنید خان نے کہا کہ بہت سے فنکار ایسے بھی ہیں جو اپنے فائدے کے لیے اہل خانہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں۔جنید خان نے معروف میزبان شائستہ لودھی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق بہت سے انکشافات کیے وہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں سے اپنی ذاتی زندگی کو زیادہ عیاں نہ کرنے کی وجہ بھی بتائی۔جنید خان نے کہا کہ ابتداء میں نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کیں جس پر مجھے منفی رد عمل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ کیوں کہ سوشل میڈیا
ایک آزاد دنیا ہے اور جب آپ اپنی فیملی کی تصاویر ایسی جگہ پر شیئر کرتے ہیں تو اس پر بہت سے اچھے اور کچھ بْرے کمنٹس بھی آتے ہیں جوکہ مجھے دکھ دیتے ہیں۔گلوکار نے یہ بھی کہا کہ کوئی میرے بارے میں کچھ بھی کہے لیکن اہل خانہ کے بارے میں کوئی کچھ بھی بولے یہ مناسب نہیں لیکن بہت سے ایسے فنکار ایسے بھی ہیں جو اپنے اہل خانہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں کیوں کہ لوگ دیکھنا پسند کرتے ہیں اور اس سے برینڈنگ ملتی ہے لیکن میں اب میں ایسا نہیں ہوں، میں اب اپنے کام اور ذاتی زندگی میں فرق رکھتا ہوں۔