لاہور( این این آئی) سینئر کامیڈین اداکارامان اللہ نے کہا ہے کہ گزرتے وقت کیساتھ تھوڑا کمزور ہو گیا ہوں لیکن فن کی خدمت کے جذبے میں ذرا برابر بھی کمی نہیں آئی ،علالت کے دوران عیادت اور صحتیابی کے لئے دعائیں کرنے والوں کا شکر گزار ہوں ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امان اللہ نے کہا کہ میں بہت جلد مکمل صحتیاب ہو کر اپنے پرستاروں کے چہروں پر خوشی بکھیرتے ہوئے نظر آئوں گا ۔ میں جب تک لوگوں کے چہروں پر خوشیاں نہ
دیکھ لوں مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میری زندگی میں کوئی کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تندرستی اور بیماری یہ زندگی کا حصہ ہے اور انسان کو ہر حال میں رب کی ذات کا شکر گزار رہنا چاہیے ۔ جو رب ہمیں تندرست رکھتا ہے وہی ہمیں بیماری بھی دیتا ہے اور پھر صحتیاب بھی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری اپنے پرستارو ں سے یہ درخواست ہے کہ وہ جیو او رجینے دو کی پالیسی پر گامزن رہیں جس سے ہمارا ملک جنت کا گہوارہ بن سکتا ہے ۔