لاہور( این این آئی)نامور اداکار و میزبان احسن خان نے کہا ہے کہ نئے آنے والے تمام اداکار اچھا کام کر رہے ہیں اور اس کی وجہ ان کا فن سے لگائو ہے ،میرایہ ماننا ہے کہ اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال کر نئے تجربات کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ،پاکستان کی ثقافت بہت خوبصورت ہے اور دنیا کواس سے روشناس کرانا چاہیے ۔ ایک انٹرویو میں احسن خان نے کہا کہ ہمیں ثقافت پر فخرہے پھر ہم کیوں کسی کی طرف دیکھیں ۔ جوں جوں حالات ٹھیک ہو
رہے ہیں دنیا میں ہمارا سوفٹ امیج سامنے آرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی ڈرامہ صرف انٹرٹینمنٹ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ذریعے ہمیں اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو پیش کر کے ان کا حل بھی تلاش کر نا چاہیے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئے آنے والے تمام فنکار اچھا کام کر رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ ان کا فن سے لگائو ہے ۔نجی ٹی وی چینلز کے آنے سے اداکاروں کے لئے کام کے مواقع پیدا ہوئے اور اس سے مقابلے کی فضاء بھی پیدا ہوئی ہے ۔