کراچی( آن لائن ) پاکستان میں طویل اور مہنگی ترین شادی کرنے کے لیے مشہور اداکار منیب بٹ کو حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کو شادی کی مبارکباد دینا مہنگا پڑگیا۔اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کو جہاں شوبز فنکاروں اور دوستوں کی جانب سے شادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے، وہیں اداکار منیب بٹ نے بھی دونوں کو مبارکباد سے نوازا۔ منیب بٹ نے انسٹاگرام پردونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہمارے معاشرے میں نکاح کلچر کی ترویج دیکھ کر خوشی ہوئی، بے شک شادی کے بعد کی ز ندگی بہت حسین ہے۔تاہم منیب بٹ کو
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حمزہ علی عباسی کو شادی کی مبارکباد دینے پر تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ صارفین انہیں طویل اور مہنگی ترین شادی کرنے کے لیے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ شادی سادگی سے بھی ہوسکتی ہے، آپ بھی ایسے کرلیتے تو اچھی مثال قائم ہوجاتی۔ایک اور صارف نے منیب بٹ پر طنز کرتے ہوئے لکھا دیکھو کہہ کون رہاہے جس نے اپنی شادی پر 50 فنکشنز کیے ہیں۔ کچھ لوگوں نے منیب بٹ کو شرم دلاتے ہوئے انہیں اور ان کی بیوی کو چھچھورا قرار دیا۔ فیصل رانا صارف نے کہا آپ بھی سادگی سے شادی کرلیتے نصیحتیں صرف دوسروں کے لیے کیوں؟