لاہور(این این آئی)شوبزشخصیات نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس کو پاکستان کی سفارتی کامیابی اورکشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی کانقطہ آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے بھارت کے اس موقف کویکسرمستردکردیا ہے کہ کشمیر کامسئلہ اس کا اندرونی معاملہ ہے ۔
سینئر اداکارقوی خان ، مسعوداختر، جاوید شیخ، مصطفی قریشی ، سید نور ،ریشم، لیلیٰ، نعمان اعجاز اور احسن خان نے اپنے بیانات میں کہاکہ پانچ دہائیوں سے سر د خانے میں پڑے ہوئے مسئلہ کشمیر کا دوبار ہ دنیا میں واضح طو رپر اجاگر ہونا امید کی کرن ہے اور اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور جنت نظر وادی کو جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے لئے خوراک اور ادویات کی قلت کا نوٹس لیں اور بھارت کومجبور کیا جائے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم کے سلسلے کوفی الفور ترک کردے ۔ شوبز شخصیات نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرنے کے بعد بھارت کے تمام دعوے خس و خاشاک کی طرح بہہ گئے ہیں اور اب اسے مہذب ممالک کی طرح مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ان کے مستقبل کا فیصلہ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں اور ایٹمی صلاحیت کے حامل ممالک میں کشیدگی سے پورے خطے کاامن دائو پرلگ جائے گا ۔