ممبئی (این این آئی) اداکارہ ہما قریشی کے بھائی ثاقب سلیم نے بھارتی انتہا پسندوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اپنے وطن سے محبت ہے ، اگر کہیں کچھ غلط ہورہا ہے تو سوال کرونگا ۔ تفصیلات کے مطا بق مقبوضہ کشمیر موجودہ صورتحال پر ہما قریشی نے اپنی ٹویٹ میں صرف اتنی درخواست کی کہ ایسے حساس وقت میں محتاط انداز میں کمنٹس کریں۔ انھوں نے لکھا کہ آپ کو وادی میں کشمیری مسلمانوں یا کشمیری پنڈتوں کی زندگی یا
خون خرابے کا کوئی اندازہ نہیں اس لیے برائے مہربانی غیر ذمہ دار باتیں نہ کریں اور خود کو ان لوگوں کی جگہ رکھ کر دیکھیں۔ہما کی اس ٹویٹ کے بعد انھیں تو ٹرول کیا ہی گیا ساتھ ہی ان کے بھائی ثاقب سلیم کو پاکستان جانے کا مشورہ بھی دے دیا گیا۔جواب میں ثاقب نے لکھا کہ مجھے اپنے وطن سے محبت ہے اور اگر کہیں کچھ غلط ہو رہا ہے تو میں سوال کرونگا۔ اگر آپکو اس سے کوئی مسئلہ ہے تو یہ آپکی پریشانی ہے۔ آپ مجھے پاکستان بھیجنے کی کوشش نہ کریں میں جہاں ہوں ٹھیک ہوں۔