ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کی اسکینڈل کوئین راکھی ساونت نے آخر کار اپنی شادی کی تصدیق کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حال ہی میں نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھی ہیں اور ان کے شوہربھارتی نژاد برطانوی شہری ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے راکھی ساونت کی شادی کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔
لیکن انہوں نے اس خبر کو جھٹلاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اشتہار کے لیے شادی کا فوٹوشوٹ کروایا ہے لیکن اب راکھی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’’میں ڈر گئی تھی اور آج میں اس خبر کی تصدیق کرتی ہوں کہ ہاں میں نے شادی کرلی ہے۔راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کانام رتیش ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم ہے، وہ پہلے ہی وہاں جا چکے ہیں اور میرا ویزا تیاری کے مراحل میں ہے، میں جلد ہی ان کے پاس پہنچ جاؤں گی۔ شادی کے بعد کام کرنے سے متعلق راکھی کا کہنا تھا کہ جب بھی میں بھارت آؤں گی میں اپنا کام جاری رکھوں گی۔ راکھی نے کہا میں ہمیشہ سے ٹی وی شو پروڈیوس کرنا چاہتی تھی اور مجھے لگتا ہے میرا دیرینہ خواب اب پورا ہوگا۔ خدا نے مجھے بہت اچھا شوہر دیاہے۔راکھی نے مزید بتایا کہ ان کے شوہر نے جب ان کا انٹرویو ٹی وی پر دیکھا تھا وہ ان کے مداح ہوگئے تھے بعد ازاں ہمارا رابطہ ہوا اور ہم اچھے دوست بن گئے۔ رتیش کو جاننے کے بعد میں اس کی بیوی بننے کی دعا کرتی تھی اور میری وہ خواہش تو پوری ہوگئی خدا مجھ پر مہربان ہے۔