لاہور( این این آئی)اداکار افضل خان نے کہا ہے کہ ’’ریمبو ‘‘میری زندگی کے ساتھ جڑ چکا ہے اور میرا مستقل اثاثہ ہے ، موجودہ دور میں رائٹرز نوجوانوں کو مستقبل کی درست سمت دینے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، فلم ، ٹی وی اور تھیٹر میڈیا کی ہی ایک شکل ہے لیکن بد قسمتی سے ہم ان سے وہ فوائد حاصل نہیں کر سکے جو کئے جانے چاہئے تھے ۔ ایک انٹر ویو میں افضل خان نے کہا کہ اب بھی کئی مواقعوں پر پرستار ’’ مائی نیم از ریمبو ریمبو جان ریمبو ، کاکروچ کلر ‘‘ کا ڈائیلاگ سنانے کی فرمائش کرتے ہیں جس سے مجھے ایسی خوشی ملتی ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں
کیا جا سکتا ، ’’ ریمبو ‘‘ میری زندگی کے ساتھ جڑ چکا ہے اور میرا مستقل اثاثہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل میں بڑا ٹیلنٹ ہے لیکن اسے ضائع کیا جارہا ہے ۔ حکومتی سطح پر نوجوانوں کیلئے باضابطہ کوئی پالیسی تیار نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میڈیا سے اصلاح کا کام لے رہے ہیں جبکہ ہمارے ہاں اسے نظر انداز کیا جاتا ہے ۔ فلم ، ٹی وی اور تھیٹر در حقیقت میڈیا کی ایک شکل ہے اور اس پلیٹ سے ہم آگاہی مہم چلا سکتے ہیں لیکن اس پر کبھی توجہ نہیں دی گئی ۔ اس کے ذریعے اپنی ثقافت کو فروغ دے سکتے ہیں لیکن اس طرف بھی توجہ نہیں دی جارہی ۔