اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پنجاب میں حکومت نے سرکاری گندم اور رعایتی آٹے کے نرخوں میں اضافہ کردیا ہے،
جس کے نتیجے میں صارفین کو مہنگائی کا ایک اور سامنا کرنا پڑے گا۔ فلور ملوں کو سرکاری کوٹے کے تحت ملنے والی گندم کی قیمت 3 ہزار 800 روپے فی من سے بڑھا کر 4 ہزار 500 روپے کردی گئی ہے، یعنی فی من 700 روپے اضافہ ہوا ہے۔نئے نرخوں کے تحت عوام کو سبسڈی پر ملنے والے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ اب یہ تھیلا 1100 روپے کے بجائے 1275 روپے میں دستیاب ہوگا، جبکہ 20 کلوگرام والے رعایتی آٹے کے تھیلے کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے فلور ملز کو فراہم کی جانے والی سرکاری گندم مہنگی کرنے کے فیصلے کا اثر رعایتی آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑا ہے۔ اگرچہ نئی قیمتوں کا باقاعدہ اطلاق کل سے ہونا ہے، لیکن دکانداروں نے آج ہی سے اضافی نرخوں پر آٹا فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔حکومت پنجاب نے سرکاری گندم کی فراہمی کا حجم بھی بڑھانے کی منظوری دی ہے۔
صوبے کے 10 ڈویژنوں کو پہلے مجموعی طور پر 3525 میٹرک ٹن گندم مختص کی جاتی تھی، جسے اب بڑھا کر 6 ہزار میٹرک ٹن کردیا گیا ہے۔نئی تقسیم پالیسی کے مطابق گندم کی سرکاری فراہمی صرف ڈویژنوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ضلعی سطح پر بھی کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ اس نظام میں اضلاع کے اندر موجود فلور ملز کو بھی سرکاری گندم کی فراہمی میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کے لیے کوئی سرکاری نرخ مقرر نہیں کیے گئے، جس کے باعث وہاں قیمتوں کا تعین مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق ہوگا۔ تاہم سرکاری کوٹے سے گندم حاصل کرنے والی ملوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ صارفین کو آٹا رعایتی نرخوں پر فروخت کریں۔حکومتی فیصلے کے نتیجے میں سرکاری گندم 700 روپے فی من مہنگی ہوگئی ہے، 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 175 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے، جبکہ 20 کلو والے رعایتی تھیلے کی سہولت بھی ختم کردی گئی ہے۔



















































