کراچی (این این آئی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کی بڑی کارروائی میں آن لائن جوئے کا بڑا نیٹ ورک کراچی سے پکڑا گیا،
240 ارب روپے کی بینکنگ ٹرانزکشن کا انکشاف ہوا ہے۔کراچی میں این سی سی آئی اے نے آن لائن جرائم، جوئے، اور دیگر جرائم کیخلاف پانچ بڑی کارروائیاں کیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے بتایا کہ آن لائن جوئے میں ملوث ملک کا سب سے بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ مقدمے میں نامزد 40 ملزمان میں سے 5 کمپنی ہیڈز کو گرفتار کر لیا گیا۔ جن میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے۔ نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکانٹس منجمد اور ایک ارب روپے مالیت کے اثاثے ضبط کیے گئے ہیں، آن لائن جوئے کے ذریعے 240 ارب روپے کی بینکنگ ٹرانزکشن کا انکشاف ہوا ہے، آن لائن جوئے میں ملوث 38 بینک اکانٹس کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔
ایک اور کارروائی میں ڈبہ اسکیم کے نیٹ ورک کو ڈائلر سافٹ ویئر فراہم کرنے والا ملزم دانیال گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم مختلف کال سینٹرز کو ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرکے فراہم کرتا تھا۔تیسری کارروائی میں ڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کی خفیہ معلومات فروخت کرنے والا نوجوان گرفتار کیا گیا۔دیگر کارروائیوں میں یونیورسٹیوں اور کالجز میں منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان حسام الدین اور مرکزی سپلائر سید افتخار کو گرفتار کیا گیا۔ این سی سی آئی اے کے مطابق آن لائن جوئے میں ٹرانزکشن کی رقم کا حجم بلوچستان کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔



















































