اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی کارکنوں کے لیے 2027 میں تنخواہوں میں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی تقریباً 46 فیصد کمپنیاں آئندہ سال ملازمین کی تنخواہوں میں اوسطاً 2.8 فیصد اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کرنے والے بیشتر اداروں میں ملازمین کو 1 سے 5 فیصد تک اضافہ مل سکتا ہے، تاہم تقریباً 42 فیصد کمپنیاں تنخواہوں میں فی الحال کسی تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتیں۔متوقع اضافے کے تحت 3 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ لینے والے ملازم کی آمدنی میں 84 درہم، 5 ہزار درہم تنخواہ والے کی آمدنی میں 140 درہم جبکہ 10 ہزار درہم ماہانہ کمانے والے شخص کی تنخواہ میں 280 درہم اضافہ ہوسکتا ہے۔تنخواہوں میں متوقع بہتری یو اے ای میں مقیم پاکستانی ملازمین کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے، تاہم تمام کارکنوں کو یکساں اضافہ ملنے کی ضمانت نہیں، کیونکہ تنخواہوں میں تبدیلی کا فیصلہ کمپنیوں کی مالی صورتحال اور داخلی پالیسیوں کے مطابق کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ سال 42 فیصد کمپنیاں نئے افراد کو ملازمت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ 32 فیصد ادارے موجودہ ملازمین کے ساتھ کام جاری رکھنے کی پالیسی اپنائیں گے۔ مجموعی طور پر نئی بھرتیوں میں 0.9 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔روزگار کے مواقع کے حوالے سے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں کو اہم قرار دیا گیا ہے، جہاں نئی ملازمتوں کے امکانات نسبتاً زیادہ ہیں۔ اس صورتحال سے یو اے ای میں پہلے سے کام کرنے والے پاکستانیوں کے علاوہ وہاں ملازمت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔



















































