اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نادرا نے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے نکاح کے اندراج اور میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا آن لائن نظام متعارف کرا دیا ہے۔
اس سہولت کے ذریعے نکاح رجسٹریشن سے لے کر شادی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے تک تمام مراحل پاک آئی ڈی اکاؤنٹ کے ذریعے انجام دیے جا سکیں گے۔نئے ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت نکاح رجسٹرار اپنے پاک آئی ڈی اکاؤنٹ سے شادی کا اندراج کریں گے، جس کے بعد نکاح کا ریکارڈ متعلقہ یونین کونسل میں خودکار طور پر محفوظ ہوجائے گا اور میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا جائے گا۔اس نظام کے تحت جاری ہونے والا ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ نکاح رجسٹرار، دولہا اور دلہن تینوں کے پاک آئی ڈی اکاؤنٹس میں دستیاب ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی نادرا کے ڈیٹا بیس میں دونوں افراد کی ازدواجی حیثیت بھی خود بخود تبدیل ہو کر اپ ڈیٹ ہوجائے گی۔
نادرا حکام کے مطابق اس نئے نظام کی ابتدائی آزمائش اسلام آباد اور کوئٹہ میں شروع کردی گئی ہے۔ ڈیجیٹل سہولت کے نفاذ سے نکاح کے اندراج اور شادی کے سرٹیفکیٹ کے حصول میں درپیش مراحل کم ہوں گے، شہریوں کو تیز رفتار خدمات میسر آئیں گی اور سرکاری ریکارڈ تک رسائی بھی زیادہ آسان ہوجائے گی۔



















































