لاہور( این این آئی)پاکستان میں انٹرنیٹ اورسوشل میڈیا کے استعمال کے حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے۔پاکستان میں ڈیجیٹل دنیا تیزی سے وسعت اختیار کرنے لگی،
انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال میں پاکستانیوں نے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے، ملک میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 12 کروڑ سوشل میڈیا آئیڈینٹیز 8 کروڑ تک پہنچ گئیں،ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور یوٹیوب پاکستانیوں کے پسندیدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بن گئے۔پاکستان میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 10 کروڑ ہے جہاں روزانہ ڈیڑھ ارب سے زائد ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں،واٹس ایپ بھی کسی سے پیچھے نہیں، 10 کروڑ پاکستانی اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہیں، جہاں روزانہ ایک ارب کالز اور 12 ارب پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے۔
یوٹیوب استعمال کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی جہاں روزانہ 56 کروڑ ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں،پاکستان میں 13 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز ایسے ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔



















































