اسلام آباد(نیوز ڈیسک)روس نے پاکستان پوسٹ پر بقایا رقم کی عدم ادائیگی کے باعث اپنی خدمات کی فراہمی روک دی ہے۔ قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اس حوالے سے تحریری بیان جمع کرایا۔تحریری جواب کے مطابق روس کی جانب سے اگست 2025 سے پاکستان پوسٹ کی سہولیات معطل کر دی گئی ہیں۔
روسی حکام کا مؤقف ہے کہ پاکستان پوسٹ 5 کروڑ 50 لاکھ روپے کے واجبات کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر کر رہا تھا، یہ رقم 2021 سے واجب الادا ہے۔وزیر مواصلات نے مزید بتایا کہ 12 نومبر 2021 تک پاکستان پوسٹ کے ذمے مجموعی طور پر 31 کروڑ سے زائد رقم روسی پوسٹل ادارے کو ادا کرنا باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنانس ڈویژن سے فنڈز فراہم ہوتے ہی واجبات کی ادائیگی کی جائے گی تاکہ سروس دوبارہ بحال ہو سکے۔















































