کراچی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کی 2ارب ڈالر مالیت کے قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت دیے جانے، طلب و رسد متوازن ہونے اور مثبت معاشی اشاریوں کے سبب تین روزہ وقفے کے بعد جمعرات کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔ریگولیٹر اور درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ میں کمی اور برآمدی شعبوں کی جانب سے اپنی زرمبادلہ ترسیلات بھنائے جانے سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی۔
ڈالر کی قدر ایک موقع پر27پیسے کی کمی سے 278روپے 45 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری کے سبب اختتامی لمحات میں طلب قدرے بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 12 پیسے کی کمی سے 278روپے 60 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 06 پیسے کی کمی سے 280 روپے 18 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔