پشاور(آن لائن)صوبائی حکومت نے پشاور میں بازاروں کو آئندہ پندرہ دنوں کے دوران ہفتہ اور اتوار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز تاجر انصاف کے صدر شاہد خان کی سربراہی میں مختلف تنظیموں کے عہدیداروں نے ہوم سیکرٹری اکرام اللہ سے ملاقات کی اس موقع پر صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا‘ شوکت یوسفزئی‘
ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان‘ ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر حبیب اللہ زاہد‘ تاجر اتحاد کے صدر مجیب الرحمان‘ مرکزی تنظیم تاجران کے جنرل سیکرٹری شکیل صراف اور دیگر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صدر تاجر انصاف شاہد خان نے حکام کو تاجروں کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا اور لاک ڈاؤن کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے تاجروں کو ریلیف دینے کی اپیل کی جس پر حکام نے آئندہ پندرہ روز کے دوران ہفتہ اور اتوار کو بازاریں بند کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ شام آٹھ بجے کے بعد دکانوں کو بند کیا جائیگا جس پر صدر تاجر انصاف شاہد خان نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے کیونکہ کورونا وائرس کی گزشتہ لہروں کے باعث تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور انہوں نے گزشتہ دو لہروں کے دوران حکومت و انتظامیہ کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے ہر قسم کا تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے تاہم حکومت تاجروں کو ریلیف دینے کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے جس پر حکام نے ان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صدر تاجر انصاف نے تاجروں سے درخواست کی ہے کہ وبائی صورتحال میں تاجر حکومت و انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں پھیلی جانیوالی وباء پر قابو پایا جا سکے۔