لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ ایکسائزکی تاریخ کی سب سے مہنگی گاڑی رجسٹرڈ ، تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز نے مہنگی ترین گاڑی لیمبر گنی اسپورٹس کار کی کی رجسٹریشن کر دی ۔ گاڑی کی رجسٹریشن فیس 45 لاکھ 32 ہزارروپےجمع کروا ئی گئی ہے ۔ یہ گاڑی پاکستان کی تاریخ کی
پہلی مہنگی ترین گاڑی ہے جس کی رجسٹریشن کی گئی ہے ، لیمبرگنی اسپورٹس کار کی قیمت ساڑھے 11 کروڑروپےہے، محکمہ ایکسائز نےچند دن قبل اتنی مہنگی گاڑی کی رجسٹریشن سےمعذرت کی تھی، ایکسائز کےموٹرسسٹم میں 10 کروڑتک گاڑی رجسٹر ہوسکتی تھی ، مہنگی اسپورٹس گاڑی ارجمند نامی شہری نے رجسٹرکروائی۔ واضح رہےکہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے رہائشی ایک شہری ارجمند کے لئے اس کی درآمد شدہ بارہ کروڑ روپے مالیت کی گاڑی درد سر بن گئی تھی جبکہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے مذکورہ قیمتی گاڑی کی رجسٹریشن کرنے سے انکار کردیا تھا ، گاڑی کے مالک کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی گاڑی بیرون ملک سے درآمد کی تھی۔ لاہور پہنچنے پر گاڑی کے مالک نے 38 لاکھ روپے کی کسٹم ڈیوٹی ادا کی جبکہ دیگر ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے اور اب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اس کی گاڑی رجسٹرڈ کرنے سے قاصر ہے اس حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا کہنا ہے کہ اس کے سسٹم میں صرف 10 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی رجسٹرڈ کرنے کی گنجائش ہے اور آخری مرتبہ ساڑھے 9 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی رجسٹرڈ کی گئی تھی جبکہ شہری کا کہنا ہے کہ وہ اپنی گاڑی کی رجسٹریشن کے لئے کئی دنوں سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے دفاتر کے دھکے کھا رہا ہے۔