لاہور( این این آئی )محکمہ پاسکو کی جانب سے درآمدی گندم کی ترسیل کیلئے لاجسٹک سپورٹ کے ٹینڈر میں سب سے کم بولی دینے والی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بجائے دوسری کمپنی کو ٹینڈر ایوارڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، دونوں کمپنیوں کے دئیے گئے ٹینڈر کے ریٹ میں تقریباً27کروڑ روپے کا فرق ہے ، سب سے کم بولی دینے والی کمپنی نے لاہور ہائیکورٹ سے
رجوع کر کے حکم امتناعی حاصل کر لیا ۔بتایا گیاہے کہ موجودہ حکومت نے گندم بحران پر قابو پانے کیلئے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کی ذمہ داری محکمہ فوڈ سکیورٹی کے ذیلی ادارے پاسکو کو دی گئی جو کہ ملک میں گندم ذخیرہ کرنے کا وفاقی ادارہ ہے ۔پورٹ قاسم اور گوادر سے گندم پاسکو کے مختلف گوداموں میں ذخیرہ کی جانی ہے جس کے لیے پاسکو نے ترسیل کے لاجسٹک سپورٹ کے لیے ٹینڈر طلب کیا لیکن سب سے کم بولی دینے والی ٹرانسپورٹ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے بجائے ایک دوسری کمپنی کو ٹھیکہ دیدیا گیا۔ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے دئیے گئے ریٹ میں تقریباً 27 کروڑ کا فرق ہے ۔سب سے کم بولی دینے والی کمپنی نے پاسکو کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور مسٹر جسٹس جواد حسن نے درخواست کمپنی کا ابتدائی موقف سننے کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پاسکو سے تحریری جواب طلب کرلیاہے ۔