کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ صوبے میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے بعد مختلف علاقوں میں اسپرے مہم کے دوران محکمے کے 6 ملازمین
زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔اپنے بیان میں اسماعیل راہو نے کہا کہ اسپرے مہم کے دوران یہ ملازمین بیہوش ہوگئے تھے جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان میں سے 4 ملازمین میں ہسپتال میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی جبکہ 2 کو دل کا دورہ پڑا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی مراد علی شاہ کو پیش کی گئی سمری میں انہوں نے زندگی کی بازی ہارنے والوں کو’’شہید‘‘کا درجہ دینے، ان کے خاندانوں کی کفالت اور اولاد کو ملازمت دینے کی سفارش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے صوبائی حکومت سے اسپرے مہم میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کو بونس دینے کی بھی درخواست کی ہے۔