کراکس (این این آئی )بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے وینیزویلا کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پانچ ارب ڈالر کے ہنگامی قرضے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے وینیزویلا کی پہلے سے بحران کی شکار اقتصادیات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایک ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے 189 رکن
ممالک میں اب تک اس معاملے پر ابہام ہیں کہ وینیزویلا کا قانونی رہنما نکولاس مادورو یا خوان گائیڈو میں سے کون ہے اور ایسی صورت میں اس ملک کی جانب سے قرضے کی اپیل پر غور نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات اہم ہے کہ وینیزویلا پر امریکا نے سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جب کہ تیل کی قیمتوں میں شدید گراوٹ کی وجہ سے وینیزویلا کی اقتصادیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔