لاہور( این این آئی )ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے گیس کا بحران مزید شدید ہو گیا ،صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوںمیں گیس کے کم پریشر اورلوڈ شیڈنگ کی وجہ سے خواتین کوکچن کے امورنمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے
جبکہ عوام بازار سے کھانا خرید کر لانے پر مجبور ہیں ۔ذرائع کے مطابق سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم سردی کی شدت کی وجہ سے طلب بڑھنے سے گیس کا بحران شدید ہو گیا ہے ۔ گیز ز اور ہیٹرز کا استعمال بڑھنے سے کئی علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے عوام تین وقت کا کھانا بازار سے لانے پر مجبور ہیں ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ گیس کا پریشر نہ ہونے کی وجہ سے کھانا خراب ہو جاتا ہے ۔ ٹال مالکان نے سردی کی شدت کی وجہ سے مانگ کو دیکھتے ہوئے لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوںمیں بھی خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا اور مختلف مقامات پر 40سے 50روپے فی کلو تک زائد وصول کئے جارہے ہیں ۔