اسلام آباد (این این آئی)نیپرا نے این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کی پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹ 18-2017 جاری کردی جس کے مطابق سالانہ بنیادوں پر این ٹی ڈی سی کے نقصانات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ،2017-18 میں 46 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی صارفین کو فراہم نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 7 کروڑ 49 لاکھ یونٹس صارفین کو فراہم نہیں کئے جاسکے تھے۔ نیپرارپورٹ کے مطابق بجلی کے ضیاع کی شرح میں ایک
سال میں 525 فیصد تک کااضافہ ہوا ،این ٹی ڈی سی کے نقصانات 41 کروڑ روپے سے بڑھ کردو ارب 48 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ رپورٹ میں بتایاگیاکہ کے الیکٹرک کے خسارے میں 9 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ،2017-18 میں این ٹی ڈی سی کے بجلی تعطل کے اوسط دورانیے میں 44.4 فیصد کی کمی ہوئی ۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ کے الیکٹرک کے بجلی کے اوسط تعطل کے دورانئے میں 52.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔