اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ دنیا میں نئے پاکستان کا روشن اور ترقی کرتا چہرہ ابھر کر سامنے آرہا ہے،کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ورلڈ بینک کی ای اوڈی بی رینکنگ میں میں 28 درجے بہتری کی تاریخی ترقی حاصل کی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان 136 سے 108ویں نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ورلڈ بینک رینکنگ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اس رپورٹ کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے والوں کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔ معاون خصوصی نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی جیبوں کی بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے۔