اسلام آباد ( آن لائن )چین نے پاکستان میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 103.1 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی ہے جبکہ اس عرصہ میں چین کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر ستمبر 2019 تک کے عرصہ میں چین نے پاکستان میں 103.1 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی، پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی
سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین سرفہرست ہے۔گزشتہ مالی سال میں چین کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 642.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاہے، جبکہ مالی سال 2017-18 میں چین کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 2.003 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔پہلی سہ ماہی میں چین کو پاکستانی برآمدات سے ملک کو 438.1 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔