اسلام آباد(آن لائن)کاسا 1000 منصوبے کے تحت بجلی کے حصول کیلئے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کیلئے رواں مالی سال کے دوران7 ارب 87 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ پاور ڈویڑن کے ذرائع کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی نے رواں سال اپریل میں اس منصوبے کی منظوری دی تھی جس پر لاگت کا مجموعی تخمینہ 45 ارب 98 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے جس میں 30 ارب 70 کروڑ 80 لاکھ روپے کا غیر ملکی زرمبادلہ بھی شامل ہے۔منصوبے کے تحت تاجکستان اور پاکستان کے درمیان 500 کے وی
ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیگی۔ کرغزستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان اور افغانستان کو بجلی کی فراہمی کے منصوبے سے خطے میں میں سماجی اور اقتصادی ترقی اور پاکستان اور افغانستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے وسطی ایشیا جنوبی ایشیائی علاقائی الیکٹرسٹی مارکیٹ قائم کرنے کے منصوبے میں بھی پیش رفت ہوگی۔ اس منصوبے سے نہ صرف وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیاں علاقائی روابط کو فروغ ملے گا بلکہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے گا۔