اسلام آباد(آن لائن) رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اوردیگرخلیجی ریاستوں سے ترسیلات زرمیں گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں مجموعی طورپر6.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2018ءسے لے کر مئی 2019ء تک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین، کویت، قطر اوراومان میں مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طورپر11ہزار188.062 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک بجھوایا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.23 فیصد زیادہ ہے۔گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں مذکورہ ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے10ہزار530.2 ملین ڈالر کی ترسیلات زرکی تھیں۔اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 4ہزار263.53 ملین ڈالر کی ترسیلات زرکیں جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.23 فیصد زیادہ ہے۔اسی طرح جولائی 2018ء سے لے کر مئی 2019ء تک سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 4 ہزار969.05 ملین ڈالر کازرمبادلہ ارسال کیا جو پیوستہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 3.25 فیصد زیادہ ہے۔گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 4 ہزار522.17 ملین ڈالر مالیت کازرمبادلہ ارسال کیاتھا۔اعدادوشمارکے مطا بق جولائی 2018 سے لے کر مئی 2019 تک بحرین، کویت، قطر اور اومان میں مقیم پاکستانیوں نے اس عرصہ میں 1955.62 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک بجھوایا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.96 فیصد کم ہے۔گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طورپر1994.78 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔