کراچی/لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو برآمدات کے فروغ کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے برآمد کنندگان کو سہولتیں دینے کے اعلان پر عملی پیشرفت کی جائے ،پاکستان اور عالمی حالات کو پیش نظر رکھ کر تجارتی پالیسی تشکیل دے کر اہداف مقرر کئے جائیں ۔
ان خیالات کا اظہار گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک نے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان، ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان ، سینئر ممبر ریاض احمد ، اکبرملک ، میجر (ر) اختر نذیر سمیت انڈسٹری سے وابستہ دیگر افراد بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں مستقبل میں مختلف ممالک میں منعقدہ بین الاقوامی نمائشوں کے شیڈول اور اس میں شرکت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر چیئرمین سعید خان نے اجلاس کے شرکاء کو کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔عبد اللطیف ملک نے کہا کہ پاکستان کو مختلف ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے از خود نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہیے اوراگر حکومت اس پر عمل پیرا ہو جائے تو پاکستانی مصنوعات کو بیحد پذیرائی مل سکتی ہے ۔ برآمد کنندگان کو انتہائی چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے انہیں فوری طور پر سہولیات اور مراعات دی جانی چاہئیں۔ عبد الطیف ملک نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں نہ صرف تجارتی پالیسی تشکیل دی جائے بلکہ ہر سیکٹر کیلئے اہداف مقرر کئے جائیں تاکہ ہماری معیشت کو سہارا مل سکے ۔