لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مسائل اور زراعت کی ترقی سے ہرگز غافل نہیں بلکہ بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، زراعت ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمیں اپنی مصنوعات کو ویلیو ایڈڈ بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکومت نے زراعت کے شعبے کو یکسر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے کسانوں میں مایوسی نے جنم لیا ۔ 100ارب کے زرعی قرضوں کے نام پر صرف اپنے لوگوں میں بندر بانٹ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی اور کسان کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔پاکستان کا کسان بہت محنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسانوں کو مایوس نہیں کرے گی بلکہ ان کی مشاورت سے زرعی پالیسیاں تشکیل دیں گے۔