کراچی(این این آئی)رواں مالی سال 2017-18 کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے اپنے ممالک کو بھیجے جانے والے منافع جات کی شرح میں 68 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 300 ملین ڈالر کے منافع جات اور ڈیوڈنڈ وغیرہ کی منتقلی کی گئی ہے ۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست کے دوران ملک میں کام کرنے والے
غیرملکی مالیاتی اداروں (بینکوں) کی جانب سے 77.5 ملین ڈالر کے منافع جات منتقل کیے گئے جبکہ اس دوران شعبے میں 13.5 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے ، اسی طرح فارن پورٹ فولیو انوسٹمنٹ کی 12.6 ملین ڈالر کی ادائیگیوں سے شعبے کی جانب سے مجموعی طور پر 90 ملین ڈالر کی رقوم کی منتقلی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پٹرولیم اور ریفائنری کے شعبے کی جانب سے 47.3 ملین ڈالر، پاور سیکٹر کی جانب سے 44.3ملین ڈالر اور ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے 39.8ملین ڈالر کے منافع جات ممالک کو منتقل کیے گئے تھے ۔