کراچی(نیوز ڈیسک)غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمائے کے انخلاءکے باعث گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران کراچی اسٹاک مارکیٹ اتار چڑھاﺅ کے بعدمندی کی زد میں رہی۔ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100 انڈیکس 33711پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد 33200پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب37ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 76کھرب روپے کی سطح سے گھٹ کر74کھرب روپے رہ گیا ۔کاروباری ہفتے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے 9لاکھ 2 ہزار 466ڈالرسرمائے کا انخلاءکیا گیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے پہلے ہی روز مندی کے بادل چھاگئے اور 100 انڈیکس 400سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کے بعد وقتاً فوقتاً مارکیٹ کاروباری اتار چڑھاﺅکی زد میں رہی ۔گزشتہ ہفتہ5کاروباری دنوں میں مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی اور انڈیکس 548.6پوائنٹس کم ہوا جبکہ 2کاروباری دنوں میں معمولی تیزی کے باعث انڈیکس نے 180.07پوائنٹس کو ریکور کیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتہ مارکیٹ میں کوئی نیا ٹریگر نہ ہونے پر سرمایہ کار تذبذب کا شکار دکھائی دیئے اور انہوں نے شارٹ ٹرم حصص کی فروخت کو ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ سنبھل نہ سکی ۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق کیونکہ کاروباری اتار چڑھاﺅ کے باوجود مارکیٹ اب بھی32ہزار پوائنٹس کی سطح پر ہی برقرار ہے تو امید ہے کہ نیا کاروباری ہفتہ مارکیٹ میں تیزی کا سبب بن سکتا ہے ۔