اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے متعلق اسلام آباد پولیس ٹیم اور تحریک انصاف کے مابین مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان کے قتل کا خدشہ ہے، وہ ہرگز گرفتاری نہیں دیں گے۔پولیس کا کہنا ہے آج لازمی گرفتار کریں گے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے ارد گرد پولیس نے سڑکیں بند کر دیں، مال روڈ کی طرف سے آنے والی ٹریفک کو روک دیا گیا۔ پولیس ایچی سن کالج کے گیٹ پر لائن اپ ہے جہاں اہلکاروں نے پوزیشنیں سنبھال رکھی ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے تحریک انصاف کے رہنماوں کو آگاہ کیا کہ توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری کی تعمیل پرحراست میں لینے آئے ہیں،عدالتی احکامات کے احکامات کی روشنی میں گرفتاری کرنے دیں، سکیورٹی سمیت معاملات دیکھ لیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی نے کہا کہ عمران خان کو آپ کے تحویل میں نہیں دیں گے، وزارت داخلہ رانا ثنا کے ماتحت ہے، عمران خان کو قتل کیا جا سکتا ہے ۔ عمران خان کے وارنٹس سے متعلق عدالت میں اپیل کر رہے ہیں، تھوڑا وقت دیں، عمران خان خود پیش ہو جائیں گے۔