انقرہ(این این آئی )اگرچہ ان کی موت کے اعلان کو کئی دن گزر چکے ہیں تاہم انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر مشہور ہونے والے ینگ شیف طہ دیماز کے بہت سے مداح اب بھی ان کی موت پر اپنے تلخ غم کا اظہار کر رہے ہیں۔ طہ دیماز ترکیہ میں 6 فروری کو آنے والے خوفناک زلزلہ میں
ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے پاس مستقبل کے لیے کون سے پراجیکٹس ہیں تو انھوں نے جواب دیا کہ انھیں نہیں معلوم کہ وہ کل مریں گے یا نہیں۔جسے بعض نے مایوسی سے تعبیر کیا، گویا طہ کا دل اس کا رہنما تھا!۔ 19 سالہ لڑکے کو زلزلہ آنے کے 12 دن بعد اپنی بہن ملک نور دیماز کے ساتھ ان کی لاش مل گئی تھی۔ ھطائی کے نواحی علاقے اک ایفلاری میں طہ اپنی خالہ ہولیا دمیر الب کے گھر کے نیچے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے۔طہ زلزلہ سے ایک ہفتہ قبل اپنی بہن کے ساتھ اپنی خالہ کو ملنے ان کے گھر گئے تھے اور وہیں مقیم تھے۔ ان کے قریبی دوست راجب راین نے چند روز قبل ان کی موت کا انسٹا گرام پر اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ طہ انسٹاگرام پر برسوں کی تضحیک اور غنڈہ گردی کا شکار ہونے کے بعد کھانا پکانے کی ویڈیوز کے ذریعے بہت مشہور ہو گیا تھا ۔ اس کے صرف انسٹا گرام پر 1.3 ملین فالوورز تھے۔