ویٹیکن (نیوز ڈیسک) روم کے شہریوں اور وہاں آئے سیاحوں کو جمعرات کو پوپ فرانسس کا ایک الگ ہی انداز دیکھنے کو ملا۔ رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس ایک عینک ساز کی دکان پر پہنچے اور انھوں نے اپنی عینک کے پرانے فریم میں نئے شیشے لگوائے۔ انھوں نے نئے شیشے کو پرانے فریم میں فٹ کرنے پر زور دیا اور بل ادا کرنے پر بھی اڑ گئے۔ ان کے ہمراہ ان کا سکیورٹی عملہ بھی موجود تھا جبکہ پوپ فرانسس کو دیکھنے کے لیے وہاں لوگ اکٹھے ہوگئے۔ دکان کے مالک اس سے پہلے بھی پوپ فرانسس کے لیے عینک کے شیشے بنا چکے ہیں لیکن وہ شیشے ویٹیکن پہنچاتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں پوپ کے آنے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھی۔ رواں ماہ نیشنل جیوگرافک میگزین میں ان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انھیں روم کی گلیوں میں بھی اسی طرح چہل قدمی کرنے کا دل کرتا ہے جیسے وہ بیونس آئرس میں کرتے تھے۔